وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کا گوادر یونیورسٹی اور پاک چائنا انسٹیٹیوٹ کا دورہ

بدھ 16 جولائی 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے گوادر یونیورسٹی اور پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گوادر پورٹ کے چیئرمین نورالحق بلوچ کے ساتھ ساتھ وفاقی پارلیمانی وفد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔وفاقی وزیر نے اپنے دورے کے دوران دونوں اداروں کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا ۔

پاک چائنا انسٹیٹیوٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کی۔ اجلاس میں گوادر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں، فیکلٹی کی موجودہ صورتحال اور تعلیمی معیار کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

پروفیسر سید منظور احمد نے وفد کو بتایا کہ گوادر یونیورسٹی اور پاک چائنا انسٹیٹیوٹ خطے کی تعلیمی و فنی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم بعض انتظامی و تدریسی چیلنجز درپیش ہیں جن پر فوری توجہ درکار ہے۔

اجلاس میں تعلیمی ترقی، مقامی طلبہ کو جدید فنی تربیت کی فراہمی اور میری ٹائم سیکٹر سے متعلق تعلیم کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر نے گوادر میں اعلیٰ تعلیم اور فنی تربیت کو قومی ترقی کی کنجی قرار دیا اور کہا کہ وزارت بحری امور گوادر کے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس موقع پر میری ٹائم سے متعلق شعبہ جات میں تدریس کے لیے اپنی اور وزارت کے افسران کی رضاکارانہ خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔

وفاقی وزیر نے پرو وائس چانسلر کی جانب سے بیان کردہ مسائل کےحل کی یقین دہانی کرائ ااور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کو درپیش چیلنجز کا جلد از جلد حل نکالا جائے تاکہ گوادر میں تعلیم اور ہنر کی راہیں مزید مستحکم ہوں۔

متعلقہ عنوان :