دھان کی اچھی پیداوار کیلئے کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کی تجویز کردہ کھادیں استعمال کرنی چاہئیں، ڈاکٹرافتخار حسین بھٹی

جمعرات 17 جولائی 2025 16:19

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سمبڑیال ڈاکٹرافتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ دھان کی اچھی پیداوار کیلئے کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کی تجویز کردہ کھادیں استعمال کرنی چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کسانوں کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ متوازن کھادوں کے استعمال سے دھان کی فصل سے اچھی پیداوار حاصل کی جاسکی ہے ، کھادوں کا غیر متوازن استعمال پیداوار میں کمی کا سبب بنتا ہے ،کم کھادوں سے پودوں کی جڑیں نشوونما نہیں پاتیں اور ضرورت سے زیادہ کھادوں کے استعمال سے فصل گر جاتی ہے اسلئے کاشتکاردھان کی فصل سے بہترین پیداوار کے حصول کیلئے کھادوں کا متوازن استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ کھادوں کے متوازن استعمال کیلئے کاشتکار زمین کا تجزیہ ضرور کروائیں اوردرمیانی زرخیز زمین کیلئے دھان کی فصل کی موٹی اقسام کیلئے پونے2 بوری ڈی اے پی،سوا2 بوری یوریا،سوا بوری پوٹاشیم سلفیٹ جبکہ باسمتی اقسام کیلئے ڈیڑھ بوری ڈی اے پی،2 بوری یوریا،ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکار نامیاتی کھادوں کے استعمال کواپنی کاشتکاری کا مستقل حصہ بنائیں، دھان کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے نائٹروجن اور فا سفورس بنیادی اجزاء کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ ریتلی اور ٹیوب ویل سے سیراب ہونے والی زمین میں پوٹاش کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار آخری مرتبہ حل چلا کر زمین میں فاسفورس اور پوٹاش کی ساری مقدار اور موٹی اقسام اور باسمتی کی جلد پکنے والی اقسام کیلئے آدھی نائٹروجن اور دیر سے پکنے والی اقسام کیلئے 1/3 نایٹروجن کا چھٹہ دے کر سہاگہ کر دیں تاکہ کھادزمین کے اندر چلی جائے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار کھاد کا چھٹہ دیتے وقت کھیت میں پانی کی مقدار کم سے کم رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار ان سفارشات پرعمل کرکے اپنی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :