تین روزہ خیبر فیسٹیول اختتام پذیر،کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم

پیر 21 جولائی 2025 23:04

جمرود(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)ضلع خیبر کے تاریخی اور مرکزی مقام جمرود سپورٹس کمپلیکس میں جاری تین روزہ خیبر سپورٹس فیسٹیول اپنی تمام تر رعنائیوں اور جوش و خروش کے ساتھ اختتام پزیر ہوگیا۔ فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے منعقد کیے گئے جن میں ضلعی سطح پر نوجوانوں، کھلاڑیوں اور عوام کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی۔

اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر تھے اس موقع پر ڈائیریکٹر محکمہ سیاحت اشتیاق احمد اور جی ایم کلچر اجمل خان، اسسٹنٹ کمشنر جمرود فہد ضیاء،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد حسین بھی موجود تھے جنہوں نے روایتی سٹالوں کا دورہ کیا اور روایتی خوراک میں دل چسپی لی جبکہ کھلاڑیوں و شرکاء میں انعامات و شیلڈ تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈائیریکٹر جنرل تاشفین حیدر نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہا اور خیبر کی روایتی مہمان نوازی، جذبے اور کھیلوں سے محبت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے فیسٹیولز نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور امن کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔اختتامی تقریب میں ونر اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں، سرٹیفیکیٹس اور نقد انعامات سے نوازا گیا جبکہ دیگر تمام شرکاء کو بھی اعزازی شیلڈز اور تحائف دیے گئے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔

۔تقریب میں پشتو کے مشہور فنکاروں اشرف گلزارِ،سرفراز،صادق افریدی،سید رحمان شینو نے اپنے فن کا مظاہرہ پیش کیا جس سے شرکاء بہت محظوظ ہوئے۔تقریب میں مقامی عمائدین، کھلاڑی، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے خیبر سپورٹس فیسٹیول کو ایک شاندار اور یادگار ایونٹ قرار دیا اور حکومتِ خیبرپختونخوا، ضلعی انتظامیہ اور سپورٹس ڈپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا یہ اہم موقع فراہم کیا۔خیبر سپورٹس فیسٹیول نہ صرف کھیلوں کا میدان سجا کر نوجوانوں کے لیے مواقع فراہم کیا بلکہ یہ ایونٹ علاقے میں امن، یکجہتی اور صحت مند تفریح کی علامت بن کر ابھرا۔