ٹی ایم اے بفہ پکھل کا غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن، تعمیرات کا نقشہ ٹی ایم اے سے بروقت منظور کرانے کی ہدایت

بدھ 23 جولائی 2025 15:27

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) بفہ پکھل کی بلڈنگ کنٹرول ٹیم نے بدھ کو بفہ پکھل کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی بلڈنگ کنسٹرکشن ،تعمیرات کے خلاف موثر سرچ آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے دوران ٹیم نے متعدد غیر قانونی طور پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو چیک کیا اور موقع پر موجود مالکان کو باقاعدہ نوٹسز جاری کئے۔

ٹی ایم اے حکام نے مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام تعمیرات کے نقشہ جات جلد از جلد ٹی ایم اے بفہ پکھل آفس سے باقاعدہ طور پر منظور کروائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ یہ قدم شہریوں کی سلامتی، پائیدار ترقی اور شہر کی منصوبہ بندی کے اصولوں کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اگر آپ گھر یا دکان کی تعمیر کر رہے ہیں تو برائے مہربانی اپنی تعمیرات کا نقشہ ٹی ایم اے آفس سے پہلے منظور کروائیں، کسی بھی غیر قانونی تعمیرات سے اجتناب کریں، قانونی عمل کے مطابق شہر کی خوبصورتی اور نظم و ضبط میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

قانون کی عملداری، پائیدار اور منظم شہری ترقی، غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کیلئے ٹی ایم اے بفہ پکھل شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتا ہے تاکہ ہم سب مل کر ایک خوبصورت، محفوظ اور منظم شہر کی تعمیر میں کردار ادا کر سکیں۔