پیاز کی بروقت برداشت اور مناسب ذخیرہ کر کےفصل کو 6 ماہ تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے،محکمہ زراعت

بدھ 23 جولائی 2025 16:29

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) زراعت آفیسر (توسیع)مرکز کینٹ عمار عبداللہ نے کہا ہے کہ پیاز کی فصل اگر مناسب وقت پر احتیاط سے برداشت کی جائے تو اسے 6 ماہ بلکہ اس سے بھی زائد عرصے تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے فصل کی برداشت اور سٹوریج کے حوالے سے کاشتکاروں کو محکمہ زراعت سے مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل بہتر نتائج کا ضامن بن سکتا ہے۔

عمار عبداللہ نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیاز کے پودوں کے تنے جب 15 سے 20 فیصد تک خشک ہو کر ٹوٹنا شروع ہو جائیں تو فصل کی برداشت میں تاخیر سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ اگر برداشت میں دیر کی جائے تو فصل کے گلنے سڑنے اور خراب ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے پیاز جن کے تنے موٹے ہوں اور وہ مکمل طور پر تیار نہ ہوئے ہوں، انہیں ذخیرہ نہ کریں کیونکہ وہ جلد خراب ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

زراعت آفیسرنے کہا کہ پیاز کی دیر سے برداشت سے اس میں عملِ تنفس بڑھ جاتا ہے اور اگر درجہ حرارت بھی زیادہ ہو تو اس کا رنگ اور معیار متاثر ہوتا ہے۔کاشتکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیاز کو برداشت کرنے کے فوراً بعد ذخیرہ کرنے کے بجائے دو سے تین دن تک کسی سایہ دار اور ہوادار جگہ پر چھوڑ دیں تاکہ وہ اچھی طرح خشک ہو جائے۔ اس دوران اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ پیاز کو پانی نہ لگے، ورنہ وہ گل سکتا ہے۔زراعت آفیسر نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ فصل کے ضیاع سے بچنے کے لیے محکمہ زراعت کے ماہرین سے رہنمائی ضرور حاصل کریں تاکہ پیاز کی بہتر پیداوار کے ساتھ ساتھ اسے طویل مدت کے لیے محفوظ بھی رکھا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :