امریکا کے صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت، ٹرمپ نے اوباما کو غدار قرار دے دیا

بدھ 23 جولائی 2025 18:42

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کے صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت سے متعلق تحقیقات پر سابق صدر باراک اوباما کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جنہوں نے انتخابات میں مداخلت کے جھوٹے دعوے کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سازش میں سابق صدر اوباما براہ راست ملوث تھے اور ان کا یہ عمل غداری کے زمرے میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ نے دعوی کیا کہ اوباما نے سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور دیگر افراد کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف بغاوت کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ اوباما اس سازش میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، گزشتہ ہفتے سابق رکن کانگریس تلسی گبارڈ نے انٹیلی جنس دستاویزات کے حوالے سے کہا تھا کہ اوباما انتظامیہ کے اہلکاروں نے جان بوجھ کر روسی مداخلت کا جعلی بیانیہ تشکیل دیا۔اس بیان کے بعد ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک اے آئی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں اوباما کی گرفتاری دکھائی گئی تھی۔