سیالکوٹ، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے رہائشی علاقوں میں قائم 80 ٹینریاں سیل

جمعہ 25 جولائی 2025 15:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) انوائرمنٹ پروٹیکشن اینڈ کلائمیٹ چینج ڈیپارٹمنٹ( ای پی سی سی ڈی) کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے سیالکوٹ کے رہائشی علاقوں میں قائم 80 ٹینریوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔انسپکٹر انوائرمنٹ پروٹیکشن اینڈ کلائمیٹ چینج ڈیپارٹمنٹ احمد یارکے مطابق تمام ٹینریوں کو پہلے ہی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنی ٹینریوں کو سیالکوٹ ٹینری زون میں منتقل کریں تاکہ فضائی، زمینی اور آبی آلودگی کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

تاہم مقررہ مدت کے باوجود منتقلی نہ کرنے پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ٹینری زون میں جدید ٹریٹمنٹ پلانٹس اور ماحولیاتی اصولوں کے مطابق سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ تمام ٹینری مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد اپنی ٹینریوں کو ٹینری زون میں منتقل کریں بصورت دیگر مزید سخت اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے واضح کیا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔