پاک ،امریکہ تجارتی معاہدہ پاکستان کیلئے اہم اسٹریٹجک ،اقتصادی کامیابی ہے‘ خادم حسین

جمعہ 1 اگست 2025 12:30

پاک ،امریکہ تجارتی معاہدہ پاکستان کیلئے اہم اسٹریٹجک ،اقتصادی کامیابی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)فائونڈر ز گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے پاکستان اور امریکہ کے درمیا تجارتی معاہدے کو معاشی محاذ پر ایک بڑی پیشرفت قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے توانائی، تجارت اور ٹیکنالوجی سمیت کئی اہم شعبوں میں دیرپا فوائد حاصل ہوں گے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ طے پانے والے ٹیرف سے پاکستانی برآمدات کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کو خاصہ کم کیا جا سکے گا،اگر 29 فیصد ٹیرف لاگو ہوجاتا تو پاکستان کو ہر سال 1.1 سے 1.4 ارب ڈالر کی برآمدی آمدنی سے محروم ہونا پڑتا، معاہدہ پاکستان کے لیے ایک اہم اسٹریٹجک اور اقتصادی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف برآمدات پر محصولات میں کمی کے ذریعے مارکیٹ تک رسائی کو برقرار رکھنے میں مدد دے گا بلکہ پاکستان کی تجارتی مسابقت کو بھی بہتر بنائے گا۔

دونوں ممالک نے آئی ٹی، ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر، معدنیات اور کرپٹو کرنسی جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے جس سے سرمایہ کاری اور تکنیکی اشتراک میں نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کے تیل کے ذخائر کی ترقی میں عملی معاونت کا وعدہ پاکستان کی توانائی کی صلاحیت پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔