ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ریونیو معاملات سے متعلق اجلاس کا انعقاد

جمعہ 25 جولائی 2025 17:51

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ریونیو معاملات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری نے سرکاری واجبات کی وصولی، نادہندگان کی فہرست اور زیر التوا کیسز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی 100 فیصد وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے، تمام ریونیو افسران فیلڈ میں نکلیں اور واجبات کی ریکوری کے لیے متحرک کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لیے قانونی اختیارات جیسے جائیداد کی قرقی سمیت تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے زیر التوا جوڈیشل انکوائریوں اور انضباطی کارروائیوں کو فوری طور پر نمٹانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری فرائض میں عدم دلچسپی یا سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ہر ریونیو افسر کی انفرادی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔