وفاقی حکومت نے بچت سکیموں پر منافع کی شرح میں ردوبدل کردی

نئی شرح کا اطلاق 28جولائی سے ہوگا،منافع کی شرح میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری

جمعہ 25 جولائی 2025 23:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)وفاقی حکومت نے قومی بچت سکیموں پر منافع کی شرح میں ردو بدل کردی،جس کے تحت سیونگ اکاؤنٹس پر منافع کی شرح برقرار جبکہ باقی تمام بچت سکیموں پر منافع کی شرح کم کردی گئی ہے تاہم سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹس اور سروس اسلامک سیونگ اکانٹس پر منافع کی شرح بڑھائی گئی ہے۔محکمہ قومی بچت نے منافع کی شرح میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق قومی بچت اسکیموں پر منافع کی نئی شرح کا اطلاق 28جولائی سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سپیشل سیونگ اکاؤنٹس اور ڈیفنس سیونگ سرٹیفیکیٹ پر منافع کی شرح کم کرکی10.4فیصد کردی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پرمنافع کی شرح کم کرکی10.68فیصد،بہبود سیونگ سرٹیفیکیٹ اور پنشنر بینیفٹس اکاؤنٹس پر منافع کی شرح 12.96فیصد، تین ماہ کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفیکیٹ پر منافع کی شرح 10.32فیصد، 6ماہ کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفیکیٹ پر منافع کی شرح10.20فیصد کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایک سال کی مدت کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفیکیٹ پر منافع کی شرح 10.14فیصد کردی گئی ہے جبکہ سیونگ اکاؤنٹس پر منافع کی شرح 9.35فیصد ہی برقرار رکھی گئی ہے۔وفاقی حکومت نے ایک سال کی مدت کے سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹس پر منافع کی شرح بڑھا کر 9.94فیصد، تین سال کی مدت کے سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹس پر منافع کی شرح بڑھا کر10.30فیصد، 5سال کی مدت کے سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹس پر منافع کی شرح بڑھا کر 10.80فیصد اور سروا اسلامک اکاؤنٹس پر منافع کی شرح بڑھا کر 9.94فیصد کردی گئی ہے۔