پیرو کے اینڈیز پہاڑوں میں بس حادثہ، 15 افراد ہلاک، 30 زخمی

ہفتہ 26 جولائی 2025 09:00

لیما (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) پیرو کے اینڈیز پہاڑی سلسلے میں ایک بس گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔ اے ایف پی کے مطابق مسافر بس دارالحکومت لیما سے شہر لا مرسید کی طرف جا رہی تھی ۔مقامی میڈیا نے بتایا کہ بس میں 60 سے زائد مسافر سوار تھے اور وہ ایک تنگ پہاڑی سڑک پر اچانک بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔

(جاری ہے)

امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں جبکہ حادثے کی وجوہات کا تعین ابھی نہیں کیا جا سکا۔تارما شہر کے محکمہ صحت کے عہدیدار ایلڈو ٹینیو نے بتایاکہ حادثے میں 15 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔واضح رہے کہ پیرو میں سڑک حادثات عام ہیں جن کی بڑی وجوہات میں تیز رفتاری اور خراب سڑکیں شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گزشتہ سال پیرو میں ٹریفک حادثات میں 3,173 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔