ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی کا سیالکوٹ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ

ہفتہ 26 جولائی 2025 20:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی نے ہفتہ کو ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں صدرچیمبر ڈاکٹر مریم صدیقہ اور چیمبر ممبران نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خواتین ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب خواتین معاشی میدان میں نمایاں مقام حاصل کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشی خودمختاری کے بغیر خواتین کو حقیقی اختیار نہیں دیا جا سکتا، اس لیے ضلعی انتظامیہ خواتین کاروباری طبقے کی ہر سطح پر مکمل معاونت فراہم کر رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ویمن چیمبر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کی نمائندہ یہ تنظیم سیالکوٹ کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی سطح پر ایسے تمام اقدامات کیے جائیں گے جو خواتین کو بااختیار بنانے میں مددگار ہوں۔اس موقع پر صدر ویمن چیمبر ڈاکٹر مریم نعمان بٹ نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے سے نہ صرف خواتین ممبران کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے بلکہ حکومتی سطح پر خواتین کے لیے مثبت رویے کی بھی عکاسی ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :