پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈی جی خان میں کارروائی، زائد المعیاد اشیاء کی فروخت پر 10،10 جرمانے

پیر 28 جولائی 2025 18:59

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈی جی خان، مظفر گڑھ، راجن پور اور لیہ میں متعدد فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔گول مارکیٹ فورٹ منرو میں ہوٹل کو کچن ایریا میں مردہ مکھیاں پائے جانے پر اور خان بازار میں کریانہ سٹور کو ممنوعہ چائنہ نمک و زائد المعیاد اشیاء کی فروخت پر 10،10 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

مظفر گڑھ میں ملتان روڈ پر دو ملک شاپس کو پانی ملا دودھ بیچنے اور فیٹ کی کمی پر 25 ہزار روپے، پوسٹ آفس مریدآباد میں آئس فیکٹری کو زنگ آلود پائپ کے استعمال پر 25 ہزار روپے، سیف چوک کوٹ ادو میں ہوٹل کو چھپکلیاں پائے جانے پر 15 ہزار روپے، جبکہ ہیڈ مرادآباد میں کریانہ سٹور کو چائنہ نمک بیچنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

راجن پور کے کوٹلہ نصیر اور چھینہ چوک میں دو کریانہ سٹورز کو بھاری مقدار میں ممنوعہ چائنہ نمک رکھنے پر 35 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

لیہ کے اڈہ غازی آباد، فتح پور میں ملک کولیکشن سنٹر کو دودھ کے سیمپل فیل ہونے پر 18 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ان کارروائیوں کے دوران 25 کلو ممنوعہ چائنہ نمک بھی تلف کیا گیا۔اس حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام نے کہاکہ ملاوٹ اور ناقص خوراک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔