پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، دو فوڈ پوائنٹس کو جرمانے ، پانچ کو اصلاحی نوٹسز جاری

پیر 28 جولائی 2025 20:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایکسپریس وے مری اور کلڈنہ کے علاقوں میں ناقص انتظامات پر دو فوڈ پوائنٹس کو جرمانے اور پانچ کو اصلاحی نوٹسز جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر مری میں عوام الناس کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی متحرک ہو گئی ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد کے پیش نظر مقامی افراد اور سیاحوں کے لیے معیاری کھانے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے ایکسپریس وے مری اور کلڈنہ کے علاقوں میں سات فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی۔ دورانِ چیکنگ دو فوڈ پوائنٹس کو ناقص انتظامات پر 80 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ پانچ فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ناقص خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ حکام نے عوام اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں بھی ناقص خوراک یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت دیکھیں تو فوراً پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مہم کا مقصد مری میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ خوراک کے معیار کو بہتر بنانا ہے تاکہ شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔