ایف ٹی او نے گزشتہ کچھ عرصہ میں 22.79بلین کے ریفنڈ ٹیکس دہندگان کو ادا کروائے، ڈاکٹر آصف محمود جاہ

پیر 28 جولائی 2025 22:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی زیر صدارت ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب گزشتہ چار سال سے لوگوں کو ایف ٹی او کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے ٹیکس دہندگان کو اعتماد اور عزت دی جس کے نتیجے میں گزشتہ سال کے 13ہزار کیسز کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے 6ماہ کے دوران ہی 23ہزار شکایات آ چکی ہیں جس سے وفاقی ٹیکس محتسب پر عوام کے بڑھتے اعتماد اور ان کی شکایات کے ازالے کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

ایوان صنعت و تجارت میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی ٹیکس محتسب کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے مزید کہا کہ ایف ٹی او لوگوں کو تیز اور سستا انصاف فراہم کرتے ہوئے صرف 34دنوں میں عوامی شکایات کا ازالہ ممکن بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ کچھ عرصہ میں 22.79بلین کے ریفنڈ ٹیکس دہندگان کو ادا کروائے گئے۔ ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر ابوذر شاد، سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی اور دیگر نے تاجروں اور حکومت کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ دینے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار کو مزید موثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب میں ڈی جی پیمرا کرام برکت، لاہور ٹیکس بار کے صدر محمد آصف، مرزا کاشف انور، جاوید اقبال کارٹونسٹ، وفاقی ٹیکس محتسب کی ایڈوائزر عدیلہ رحمان، سمیرا نظیر اور دیگر شریک تھے۔