زائرین کے غار ثور جانے کیلئے مونو ریل منصوبہ

دو گھنٹے کی پیدل مسافت کم ہو کر صرف تین منٹ رہ جائے گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 جولائی 2025 15:44

زائرین کے غار ثور جانے کیلئے مونو ریل منصوبہ
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی 2025ء ) سعودی عرب نے حج و عمرہ زائرین کے غار ثور جانے کیلئے مونو ریل منصوبہ بنالیا جس سے دو گھنٹے کی پیدل مسافت کم ہوکر صرف تین منٹ تک محدود ہوجائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں سعودی انٹرٹینمٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے تصدیق کی ہے کہ زائرین کی سہولت اور ٹرانسپورٹیشن کے وسائل کو جدید بنانے کے لیے غارثور تک جانے کے لیے مونو ریل منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ مونو ریل منصوبے کی تکمیل کے بعد دو گھنٹے پیدل چلنے کی مسافت محض تین منٹ میں طے کی جاسکے گی جس سے زائرین کو سہولت ہوگی، سیرت النبوی ﷺ کے تاریخی مقامات کے لیے 'علی خطاۃ' (نقشِ قدم) کا اقدام شروع کیا ہے جس کا مقصد زائرین کو ٹرانسپورٹیشن کی ہر ممکن اور جدید ترین سہولتیں فراہم کرنا ہے، مونو ریل منصوبہ بھی اسی اقدام کا حصہ ہے، اس سال نومبر میں اس کا تجربہ شروع کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جب کہ زائرین کے لیے پگڈنڈی والے علاقوں کے لیے فورویل ڈرائیو چھوٹی بسوں کا انتظام بھی کیا جائے گا جو انہیں ایک منفرد تجربہ فراہم کریں گی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ 'علی خطاۃ' زائرین کو منصوبہ ٹرانسپورٹیشن کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے شروع کیا جارہا ہے جس کے ذریعے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ ہجرت نبوی ﷺ کے مقامات کو نمایاں کیا جائے گا، منصوبہ مکمل ہونے کے بعد دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو ہجرت نبوی ﷺ کے مقامات کی کم سے کم وقت میں زیارت کرنے کی سہولت حاصل ہوگی، جس کے لیے زائرین کو جدید ترین سفری وسائل فراہم کیے جارہے ہیں، منصوبے میں مونو ریل اور فورویل بسوں جیسی سہولتیں شامل ہیں یہ نا صرف جدید ٹرانسپورٹیشن کا ایک اہم سنگ میل ہوگا اس کے ساتھ نبی اکرم ﷺ کی سیرت کے اہم واقعات کو اجاگر کرنے کا ایک منفرد ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔