نوجوان نسل کو جسمانی و ذہنی طورپر صحت مند رکھنے کے لئے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے،ڈائریکٹر انوویٹر بزنس سنٹر

بدھ 30 جولائی 2025 11:47

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) ڈائریکٹر انوویٹر بزنس سنٹر سیالکوٹ محمد یعقوب حسین ترابی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو جسمانی و ذہنی طور پر صحت مند رکھنے کے لیے کھیلوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ،آج کا نوجوان اگر کھیل کے میدان سے جڑ جائے تو نہ صرف منشیات جیسے ناسور سے بچ سکتا ہے بلکہ ایک مثبت با وقار اور با صلاحیت شہری بھی بن سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انوویٹر بزنس سنٹرخادم علی روڈ پر نوجوان کی صحت اور معاشرہ کے موضوع پر ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اکثر نوجوانوں کی دلچسپی کھیلوں میں کم ہے جس کے باعث نوجوان بے راہ روی اور نشہ جیسی خطرناک عادتوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے جاری خطاب میں کہا کہ کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو ہسپتال ویران ہوں گے ۔نوجوانوں کیلئے کھیلوں میں شرکت اشد ضروری ہیں۔ انہوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ یوتھ سینٹرز کھیلوں کے میدان اور تربیتی سہولیات کو فعال بنایا جائے تا کہ نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں استعمال کر سکے۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر بھی زور دیا کہ وہ بچوں کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں شرکت کی ترغیب دیں تا کہ وہ متوازن اور باکردار شخصیت کے حامل بن سکیں ،کھیل نہ صرف صحت مند جسم دیتا ہے بلکہ نظم و ضبط ٹیم ورک برداشت اور قیادت کی خصوصیات بھی پیدا کرتا ہے ،جو نو جوانوں کی زندگی میں کامیابی کے لیے بنیادی ستون ہیں۔

انہوں نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پڑھ لکھ کر کاروباری میدان میں بھی اپنے ملک کا نام روشن کریں ۔

متعلقہ عنوان :