تھائی لینڈ کو کمبوڈیا سے جنگ مہنگی پڑ گئی ، 300 ملین ڈالرکا نقصان

بدھ 30 جولائی 2025 17:56

بنکاک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)تھائی لینڈ نے کمبوڈیا کے ساتھ پانچ روزہ سرحدی جھڑپ کے بعد ابتدائی معاشی نقصان کا تخمینہ 10 ارب بھات (تقریبا 300 ملین ڈالر) لگایا ہے۔ تھائی وزیر خزانہ پچائی چونہاوجیرا نے بتایا کہ اصل معاشی نقصان اس سے کہیں زیادہ ہوسکتا ہے۔حکومت نے فوری امداد اور معیشت کو سہارا دینے کے لیے 25 ارب بھات(تقریبا 771 ملین ڈالر)کا ابتدائی بجٹ مختص کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اس رقم سے متاثرہ علاقوں میں تعمیراتی کام، مکانات کی مرمت، اور دیگر بحالی کے کام کیے جائیں گے۔سرکاری بینکوں نے متاثرہ افراد کے لیے قرض ادائیگی مخر، کم شرح سود پر قرض، فیس معافی، اور ری فنانسنگ سہولیات کا اعلان کیا ہے۔ٹیکس میں ریلیف کے تحت گھروں کی مرمت پر 1 لاکھ بھات اور گاڑیوں کی مرمت پر 30 ہزار بھات کی ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔ ٹیکس جمع کروانے کی آخری تاریخ ستمبر تک بڑھا دی گئی ہے۔حکومت نے ہر متاثرہ صوبے کے لیے 100 ملین بھات بھی مختص کیے ہیں تاکہ مقامی سطح پر فوری ضروریات پوری کی جا سکیں۔