چیئرمین جمیل احمد کی زیرصدارت کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا ساتواں اجلاس، بجٹ اور رولز اینڈ ریگولیشن پر گفتگو کی گئی

جمعرات 31 جولائی 2025 12:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا ساتواں اجلاس چیئرمین جمیل احمد کی زیرصدارت سیکرٹری سیاحت کے آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد خان، ممبران بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز رانا، مسرور خان، رقیب خان محکمہ جنگلات اور محکمہ وائلڈ لائف کے افسران جبکہ زوم پر رکن صوبائی اسمبلی منیر حسین لغمانی، کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ اور ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی شبیر خان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اتھارٹی کے بجٹ اور رولز اینڈ ریگولیشن پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں وادی کاغان کیلئے ترقیاتی منصوبوں اور سیاحت کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز اور اقدامات زیر بحث لائے گئے۔ اجلاس میں وادی کے قدرتی حسن کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے سخت اقدامات اٹھائے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہوٹلز مالکان کی جانب سے سیوریج اور نکاسی اب کا نظام بہتر نہ کرنے والوں اور بغیر این او سی کے غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔