متحدہ عرب امارات میں نئی سکیم متعارف

پاکستانی و دیگر غیرملکی بینک لون یا ڈاؤن پیمنٹ کے بغیر گاڑی خرید سکیں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 31 جولائی 2025 15:28

متحدہ عرب امارات میں نئی سکیم متعارف
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جولائی 2025ء ) متحدہ عرب امارات میں نئی سکیم متعارف کروائی گئی ہے جس کے تحت پاکستانی و دیگر غیرملکی بینک لون یا ڈاؤن پیمنٹ کے بغیر گاڑی خرید سکیں گے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یو اے ای کے رہائشیوں کے لیے گاڑی کا ہونا ایک اہم ضرورت بن چکا ہے لیکن بعض افراد روایتی بینک فنانس کی مدد سے گاڑی خریدنے سے محروم رہ جاتے ہیں یا پھر انہیں بینک لون کے لیے ڈاؤن پیمنٹ جمع کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہیں، خاص طور پر نئے آنے والے فری لانسرز اور نوجوان پیشہ ور افراد کے لیے گاڑی کی خریداری ایک چیلنج بن جاتی ہے، ایسے افراد کے لیے اب ایک نیا متبادل سامنے آیا ہے جسے 'رینٹ ٹو اون' یا 'لیز ٹو اون' پروگرامز کہا جاتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس سکیم کے تحت صارفین کو گاڑی خریدنے کے لیے نہ تو بینک لون کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی کسی قسم کی ڈاؤن پیمنٹ کی ضرورت پڑتی ہے، صارفین صرف ایک مقررہ ماہانہ کرایہ ادا کرتے ہیں جس میں گاڑی کی انشورنس، مینٹیننس اور رجسٹریشن شامل ہوتی ہے، لیز کے اختتام پر صارف اپنی مرضی سے گاڑی خرید سکتے ہیں یا اسے واپس کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ رینٹ ٹو اون پروگرام روایتی کرایہ داری سے مختلف ہوتا ہے کیوں کہ اس میں صارف کو گاڑی کی ملکیت کا اختیار دیا جاتا ہے، عموماً روایتی گاڑی فنانسنگ میں تقریباً 20 فیصد ڈاؤن پیمنٹ اور 3 سے 5 فیصد سالانہ سود لگتا ہے لیکن رینٹ ٹو اون پروگرام میں نہ تو کوئی ڈاؤن پیمنٹ، نہ سود اور نہ ہی کسی قسم کی فنانس چارجز اور پروسیسنگ فیس ہوتی ہے۔

اس حوالے سے تھرفٹی کار رینٹل کے منیجنگ ڈائریکٹر رہول سنگھ نے بتایا کہا کہ ’جو صارفین حال ہی میں یو اے ای آئے ہیں اور روزمرہ کی ضرورت کے لیے ایک قابل اعتماد گاڑی چاہتے ہیں تو ان کے لیے روایتی فنانسنگ مشکل ہو سکتی ہے، ہمارے رینٹ ٹو اون پروگرام میں صارفین کو ایک ہی ماہانہ رقم ادا کرنی ہوتی ہے جو انشورنس، رجسٹریشن اور مینٹیننس کی خدمات شامل ہوتی ہے۔

‘ ڈالر کار رینٹل کے جنرل منیجر مروان المولا نے کہا کہ ’روایتی گاڑی فنانسنگ میں طویل مدتی قرض اور بڑی ڈاؤن پیمنٹ شامل ہوتی ہے لیکن ہمارا رینٹ ٹو اون ماڈل صارفین کو 12 سے 60 ماہ تک گاڑی لیز پر دینے کی سہولت فراہم کرتا ہے، لیز کے اختتام پر صارف ایک طے شدہ رقم ادا کر کے گاڑی خرید سکتے ہیں یا بغیر کسی جرمانے کے گاڑی واپس کر سکتے ہیں۔‘ بتایا جارہا ہے کہ یہ رینٹ ٹو اون سکیم یو اے ای کے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں دونوں کے لیے دستیاب ہے، درخواست دہندہ کو اپنی آمدنی کا ثبوت فراہم کرنا ضروری ہے، اس کے ساتھ ایک بنیادی کریڈٹ چیک بھی کیا جاتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ صارف مالی طور پر اس سکیم کو برداشت کر سکتا ہے۔