شام: فرقہ واریت کے شکار سویدا میں یو این امدادی مشن کی آمد

یو این جمعہ 1 اگست 2025 13:00

شام: فرقہ واریت کے شکار سویدا میں یو این امدادی مشن کی آمد

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 01 اگست 2025ء) امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ اس کا پہلا مشترکہ امدادی مشن شام کے علاقے سویدا اور ملحقہ اضلاع میں پہنچ گیا ہے جہاں گزشتہ دنوں پرتشدد جھڑپوں میں سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے تھے۔

مشن نے سویدا میں مقامی آبادی کے نمائندوں اور اپنے امدادی شراکت داروں سے ملاقاتیں کیں، بے گھر ہو جانے والے لوگوں کی پناہ گاہوں اور ان کی وصولی کے مقامات کا دورہ کیا اور تینوں جگہوں پر امدادی ضروریات کا جائزہ لیا۔

Tweet URL

شامی عرب ہلال احمر کا منظم کردہ پانچواں امدادی قافلہ بھی آج سویدا پہنچا جس کے ذریعے طبی سازوسامان، آٹا، ڈبہ بند خوراک، صحت و صفائی کا سامان، پناہ کے لیے درکار ضروری چیزیں اور دیگر امداد شامل ہے۔

(جاری ہے)

یہ اب تک سویدا پہنچے والا سب سے بڑا قافلہ ہے جو 40 ٹرکوں پر مشتمل تھا۔ گزشتہ روز شامی عرب ہلال احمر نے ایک لاکھ 20 ہزار لٹر سے زیادہ ایندھن بھی علاقے میں پہنچایا تھا۔

شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے جیئر پیڈرسن نے سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ سویدا اور ملحقہ علاقوں میں پرتشدد واقعات کے بعد ملک میں سلامتی اور سیاسی تبدیلی کے لیے بنیادی اصلاحات کی فوری ضرورت ہے۔

سویدا میں فرقہ واریت کی لہر

سویدا میں کشیدگی 12 جولائی کو مقامی دروز برادری اور بدو قبائل کی جانب سے ایک دوسرے کے لوگوں کو اغوا کرنے کے واقعات سے شروع ہوئی جس میں بعدازاں شام کی سکیورٹی فورسز بھی شامل ہو گئیں۔ اس دوران قتل و غارت، لاشوں کے بے حرمتی اور لوٹ مار کے واقعات پیش آئے۔ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیوز نے فرقہ وارانہ کشیدگی اور گمراہ کن اطلاعات کو ہوا دی جس سے تنازع مزید شدت اختیار کر گیا۔

ان واقعات میں سیکڑوں لوگ ہلاک و زخمی ہوئے اور ایک لاکھ 75 ہزار افراد نے نقل مکانی کی۔ ملک کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے جیئر پیڈرسن کا کہنا ہے کہ اس تشدد نے ملک میں سیاسی تبدیلی کے عمل کو نقصان پہنچایا ہے اور سیاسی و سلامتی کے محاذ پر کئی بڑے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت واضح کر دی ہے۔