ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اولین ترجیح ہے ،ڈپٹی کمشنر چنیوٹ

جمعرات 31 جولائی 2025 17:10

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے بعض عوامی شکایات پر زیرتعمیر جھمرہ روڑ کا تفصیلی معائنہ کیا۔سڑک کی تعمیر کے حوالے سے کی جانے والی عوامی شکایات درست پائی گئیں اور ہائی وے اور نیسپاک کے عملہ کی نااہلی اور بددیانتی بالکل واضح تھی۔ڈپٹی کمشنر نے سڑک کے تمام حصوں کا تفصیلی معائنہ کیااور سٹرک کے دو حصوں طالب والا اور کوٹ خدایارمیں زیادہ خرابی کی بنیاد پر سڑک کی مکمل تعمیر نو کا حکم دیا اور پہلے سے کئے گئے کام کے حوالے سے ٹھیکدار کو کوئی ادائیگی نہیں کی جائے گی، اسی طرح سڑک کے زیر تعمیر باقی حصے میں ناقص میٹریل اور کمپیکشن نہ ہونے کی بنیاد پر کارپٹنگ کا عمل رکوا دیا گیا ہے ا ور یہ حصہ بھی ٹھیکدار کے خرچے پر بنیاد سے لے کر کارپٹنگ تک مکمل دوبارہ تعمیر ہوگااور کارپٹنگ کا عمل ریزیڈنٹ انجینیر نیسپاک کے ذاتی معائنہ اور این او سی سے مشروط ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے جھمرہ روڑ کے مزید تعمیر شدہ حصہ میں نقائص کی وجوہات کی جانچ پڑتال کے لئے میٹریل کی ٹیسٹنگ کی ہدایت کی جو کہ اگلے دو دنوں میں مکمل ہوگی تاکہ مکمل سڑک کی جانچ ہو سکے اور نقائص واضح ہوں۔ڈپٹی کمشنر نے ایس ڈی اوہائی ویز اور نیسپاک کے متعلقہ انجینئرکیخلاف تادیبی کارروائی کا بھی فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی بہبود کے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری،آرام دہ اور سہل سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور منصوبوں میں ناقص میٹریل استعمال ہونے کی شکایت سامنے آئی تو نہ صرف ٹھیکدار کو جرمانہ ہو گا بلکہ محکمہ کے آفیسرز کے خلاف بھی سخت ایکشن ہوگا۔\378

متعلقہ عنوان :