مبینہ شراب اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی

جمعرات 31 جولائی 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت نے مبینہ شراب اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کردی۔جمعرات کے روز سماعت کے دوران وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت پیش ہوئے اور بتایاکہ کے پی کے میں ضمنی سینٹ الیکشن ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

جج مبشرحسن چشتی نے کہاکہ آپ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دیں دیکھ لیتے ہیں۔عدالت نے درخواست کے آنے تک سماعت میں وقفہ کردیا جس کے بعد دوبارہ سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر 342 کا بیان اور بریت کی درخواست پر دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئےکیس کی سماعت 6 ستمبر تک ملتوی کردی۔علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں مقدمہ درج ہے۔