بلوچستان حکومت کے اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹیو پروگرام کے تحت سوک سینٹر کے احاطے میں کھلی کچہری کا انعقاد

جمعرات 31 جولائی 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) بلوچستان حکومت کے اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹیو پروگرام کے تحت سوک سینٹر کے احاطے میں کھلی کچہری کا انعقادکیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر حب کی زیرصدارت منعقدہ کھلی کچہری میں انتظامی افسران میئر حب وڈیرہ بابوفیض شیخ کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران سمیت معزز شہریوں، منتخب نمائندوں، اور سماجی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

شہریوں نے اس موقع پر علاقے کے مختلف مسائل اور چھوٹے پیمانے کے ترقیاتی اسکیمات پر مشتمل تحریری تجاویز پیش کیں جن میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سڑکوں کی بہتری، نکاسی آب، تعلیمی سہولیات اور صحت کے مراکز کی اپ گریڈیشن جیسے اہم امور شامل تھے ۔ڈپٹی کمشنر حب نے شہریوں کی تجاویز سنیں اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی مشاورت سے تیار کردہ منصوبے ہی اس پروگرام کا اصل مقصد ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہے، محکموں کے افسران نے بھی موقع پر ہی کئی مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی، جبکہ بعض تجاویز کو تفصیل سے جانچنے کے بعد متعلقہ فورمز تک پہنچانے کا کہا گیا۔کھلی کچہری کے اختتام پر شہریوں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی آواز ترقیاتی پالیسیوں میں شامل کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :