وائس چانسلر نے پنجاب یونیورسٹی لائبریری میں کوہا سافٹ ویئر سسٹم کا افتتاح کردیا

جمعرات 31 جولائی 2025 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے پنجاب یونیورسٹی لائبریری میں نئے سافٹ ویئرکوہا انٹیگریٹڈ لائبریری مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کردیا۔ترجمان کے مطابق اس سلسلہ میں افتتاحی تقریب کا انعقاد پنجاب یونیورسٹی لائبریری میں کیا گیا جس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی،ڈی جی ایس ای ایس پروفیسر ڈاکٹر ریحان صادق، فیکلٹی ممبران اور لائبریرینز نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اس اقدام کے پیچھے ٹیم کی تعریف کی اور تعلیمی منظر نامے میں لائبریریوں کی وسیع اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نظام تعلیم کا مقصد تعلیم دینا اور لائبریریاں علم کی فراہمی کے لیے بنائی جاتی ہیں، لائبریرین نہ صرف یونیورسٹیوں میں بلکہ معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے پنجاب یونیورسٹی لائبریری ٹیم کی محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے نئے نظام کی ہموار اور موثر منتقلی کو یقینی بنانے میں ان کے کردار کا اعتراف کیا۔ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی نے شرکاء کو پنجاب یونیورسٹی لائبریری کے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لائبریری 2007 سے ایم ایل آئی ایم ایس کے نام سے اندرون ملک تیار کردہ سافٹ ویئر پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ2023 میں لائبریری خدمات کی کارکردگی اور صارف دوستی کو بڑھانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اوپن سورس سافٹ ویئرکوہا (KOHA) پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی لائبریری میں پیشہ ور لائبریرین کی کاوشوں اور تکنیکی مہارت سے کوہاکو یونیورسٹی کی مخصوص ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کامیابی سے انسٹال اور اپنی مرضی کے مطابق بنایا گیاہے، لائبریری میں کوہا سسٹم باضابطہ افتتاح کے ساتھ جدیدیت کی طرف اپنے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔