ریسکیو 1122 کے اہلکار مردان کے مختلف حساس مقامات پرعارضی فلڈ ریلیف کیمپس میں ڈیوٹی پر تعینات

ہفتہ 2 اگست 2025 15:22

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) ریسکیو 1122 کے اہلکار مردان کے مختلف حساس مقامات پر عارضی فلڈ ریلیف کیمپس میں ڈیوٹی پر تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 مردان کے مطابق ریسکیو 1122 کے اہلکار مردان کے تمام حساس مقامات بشمول کسئی پل، ہوتی پل، طورو، شنکی ڈھنڈ اور جلالہ پل کے قریب قائم عارضی فلڈ ریلیف کیمپس میں ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 کے اہلکار ہمہ وقت ایمرجنسی آلات و سامان کے ساتھ موجود ہیں تاکہ ڈوبنے کے ممکنہ واقعات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور موثر امدادی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے نہروں، دریاؤں میں نہانے اور مچھلی یا دیگر اشیاء پکڑنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریسکیو 1122 کی جانب سے مختلف مقامات پر شہریوں کو آگاہی مہم کے ذریعے حفاظتی تدابیر سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔