یوم آزادی کی تقریبات کے سکورٹی فول پروف انتظامات کئے جائیں گے،ڈی پی اورحیم یارخان

ہفتہ 2 اگست 2025 16:56

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) ڈی پی اورحیم یارخان عرفان علی سموں کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( جنرل ) عرفان انور ،ایڈمنسٹریٹر آفیسر ریاست علی سمیت ممبران ضلعی امن کمیٹی نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر چہلم نواسہ رسول ،بارہ ربیع الاول اور یوم آزادی کے حوالہ سے انتظامات اور امن و امان کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس کا آغاز شیخانی چیک پوسٹ کے شہداء ایلیٹ فورس ، ممبر ضلعی امن کمیٹی مولانا فضل محمود حیدری کی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ڈی پی او عرفان علی سموں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دشمن اور شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کچہ کے ڈاکوؤں نے چھپ کر بزدلانہ کارروائی کی جس سے ہمارے پانچ جوانوں نے جام شہادت نوش کیا مگر ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے فورس کا مورال مزید بلند ہوا ہے اور اس واقع میں ملوث تمام ڈاکوؤں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان امن اور بھائی چارے کا گہوارہ ہے، ہمیں اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امن اور بھائی چارے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( جنرل ) عرفان انور نے کہا کہ امام بارگاہوں، مدرسوں اور مذہبی عبادت گاہوں میں سیکورٹی، صفائی ستھرائی و دیگر انتظامات ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔ اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبروں نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں اور  امن و امان برقرار رکھنے کی یقینی دہانی کرائی۔\378