مظفرگڑھ ،وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایات کے مطابق جشن آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی کو اکٹھا منایا جا رہا ہے،ڈپٹی کمشنر

اتوار 3 اگست 2025 14:50

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کےسلسلے میں فیاض پارک مظفرگڑھ میں 2 روزہ مینگو فیسیٹول کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ ، ممبران صوبائی اسمبلی محمد اجمل خان چانڈیہ اور عون حمید ڈوگر نےکیا۔ مینگو فیسٹیول میں 35 سے زائد مظفرگڑھ کے باغبان حضرات نے اپنے سٹال لگائے ہیں جن پر 18 سے زائد معروف اقسام کے آموں کی نمائش کی گئی ہے، اس کے علاوہ آم سے تیار کردہ سکوائش، پوڈر، خشک آم اور آموں کی حفاظت اور افزائش کےلئے استعمال ہونے والی کھادوں کا بھی سٹال لگایا گیا ۔

ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ، ایم پی اے محمد اجمل خان چانڈیہ اور ایم پی اے عون حمید ڈوگر نے مختلف سٹالوں کا دورہ کیا اور نمائش میں رکھے آموں کے معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق اس بار جشن آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی کو اکٹھا منایا جارہا ہے ، مینگو فیسٹیول بھی انہیں تقریبات میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ یہ مظفرگڑھ کی تاریخ کا پہلا مینگو فیسٹیول ہے اور یہ اب مظفرگڑھ کی پہچان بنے گا،آئندہ سالوں میں بین الاقوامی کاروباری افراد بھی آئیں گے اور مظفرگڑھ کے آموں کو پہچان ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول ضلع کے شہدا کے نام کیا جارہا او ر ہم جشن آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی پر اپنے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مظفرگڑھ میں ملتان سے بھی زیادہ رقبہ پر آم کاشت کیا جاتا ہے تمام معروف اقسام یہاں کاشت کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی آگاہی کےلئے سیشن بھی کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے آموں کو ای کامرس کےذریعے ایمزون سمیت دیگر پلیٹ فارم سے فروخت کرسکیں اور مظفرگڑھ کی پہچان کو بین الاقوامی سطح تک لے کر جائیں۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے ضلعی محکموں کےساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی اور معرکہ حق کو حب الوطنی کےساتھ منایا جائے اور حکومت پنجاب کے طرف سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق دفاتر کے عمارات ،گاڑیوں ، مارکیٹوں اور گھرو ں کو سجایا جائے اور یہ حب الوطنی اپنے بچوں میں بھی پیدا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پرچم کشائی کی تقریب ڈی سی آفس میں منعقد ہوگی جبکہ دیگر تقریبات ضلع کونسل میں ہونگی، شہدا کی قبروں پر جا کر فاتحہ خوانی کی جائے گی، روڈ شو ہوگا، فیاض پارک میں آتش بازی، لیزر شو اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام افسران و اہلکار اپنی اپنی فیلیز کے ساتھ شرکت کریں گے۔\378