عرب پارلیمنٹ کی مسجد الاقصی پر اسرائیلی وزرا کے حملے کی مذمت

پیر 4 اگست 2025 16:49

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) عرب پارلیمنٹ نے اسرائیل کی قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کی قیادت میں آباد کاروں کے گروپوں کی مسجد الاقصی پر حملے کی مذمت کی ہے جنہوں نے اسرائیلی افواج کی حفاظت میں اشتعال انگیز رسومات ادا کیں۔ متحدہ عرب امارات کے خبررساں ادارے وام کے مطابق عرب پارلیمنٹ نے اس اقدام کو مقبوضہ بیت المقدس میں تاریخی اور قانونی حیثیت کی خلاف ورزی اور مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات سے تنازعے کو مذہبی صورت حال میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس سے بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرہ ہے۔

عرب پارلیمنٹ نے تصدیق کی کہ یہ خلاف ورزیاں غزہ میں جاری نسل کشی اور مغربی کنارے میں الحاق اور نقل مکانی کی پالیسی کی توسیع ہےجس کی مکمل طور پر ذمہ دار اسرائیلی حکومت ہے ۔

(جاری ہے)

عرب پارلیمنٹ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس طرح کی خلاف ورزیوں کو روکے اور فلسطینی عوام اور ان کے مقدس مقامات کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرے۔ پارلیمنٹ نے مشرقی بیت المقدس دارالحکومت دارالحکومت کی حامل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے فلسطینی عوام کے حق کی حمایت میں اپنے مضبوط موقف کا اعادہ کیا اور طاقت کے ذریعے شہر کی شناخت تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کردیا۔