نوشہرہ اور مہمند میں عوامی حقوق کے لیے احتجاجی مظاہرے، بڑی تعداد میں شہری شریک

منگل 5 اگست 2025 20:35

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)نوشہرہ اور ضلع مہمند میں عوامی حقوق اور سیاسی آزادی کے حق میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں بڑی تعداد میں شہریوں اور کارکنوں نے شرکت کی، مظاہروں میں شریک افراد نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر آئین، قانون کی بالادستی، اور سیاسی اسیران کی رہائی کے مطالبات درج تھے۔تفصیلات کے مطابق، نوشہرہ میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت عوامی نمائندوں اور مقامی رہنماں میاں محمد عمر کاکاخیل، میاں خلیق الرحمان، ادریس خٹک اور حاجی زرعالم خان نے کی، جبکہ مہمند ضلع میں ایم پی اے اسرار مہمند اور محبوب شیر کی قیادت میں شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوام کے بنیادی حقوق کو دبایا جا رہا ہے، اور جو آوازیں قانون و انصاف کی بات کرتی ہیں، انہیں جیلوں میں بند کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم باشعور ہو چکی ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہر شہری اپنے حق کے لیے کھڑا ہو۔رہنماں نے کہا کہ نوجوان طبقہ اب خاموش تماشائی نہیں بلکہ ایک متحرک قوت بن چکا ہے، جو آئین کی سربلندی اور سیاسی انصاف کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ نے ہمیشہ انہی اقوام کو عزت دی ہے جنہوں نے حق کی آواز بلند کی۔آخر میں مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ جو بھی سیاسی قیدی ہیں، انہیں فوری طور پر انصاف کے تقاضوں کے مطابق رہا کیا جائے تاکہ ملک میں ایک بار پھر عدل، امن، اور جمہوریت کی بالادستی قائم ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :