ملتان میں یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، مارکیٹوں میں خریداروں کا راش

بدھ 6 اگست 2025 10:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) ملتان میں بھی یومِ آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد بیجز، جھنڈیاں، گھڑیاں، ٹوپیاں اور دیگر قومی رنگوں سے مزین اشیاء کی خریداری میں مصروف ہے، جس کے باعث شہر کی مارکیٹوں میں خاصی رونق دیکھنے میں آ رہی ہے مارکیٹوں، اسٹالز اور سڑک کنارے لگے چھوٹے بڑے عارضی بازار سبز ہلالی پرچموں سے سج چکے ہیں۔

چھوٹے بچے، نوجوان، خواتین اور بزرگ سب ہی قومی جوش و جذبے کے ساتھ خریداری میں حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

خاص طور پر بچوں کے لیے چھوٹے جھنڈے، پلاسٹک کی تلواریں، ربن، بینڈز اور قومی نغموں والی اشیاء نمایاں طور پر فروخت ہو رہی ہیں دکانداروں کا کہنا تھا اس سال شہریوں میں یومِ آزادی منانے کا جوش پہلے سے زیادہ ہے، اور لوگوں کی دلچسپی خاصی بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 14 اگست کے قریب آتے ہی رش مزید بڑھنے کی توقع ہے شہریوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی صرف ایک جشن نہیں بلکہ قومی اتحاد، قربانی اور آزادی کی قدر کو یاد کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطنِ عزیز کی ترقی اور سلامتی کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے

متعلقہ عنوان :