دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ترقیافتہ صوبے کیلئے امن ناگزیرہے،فیصل کنڈی

بدھ 6 اگست 2025 22:32

دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ترقیافتہ صوبے کیلئے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈ ی نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ترقیافتہ صوبے کیلئے امن ناگزیرہے، چاہتے ہیں صوبہ میں امن، ترقی و خوشحالی ہو۔ انتشار اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام مکاتب فکر کومشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرناہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں قومی استحکام پاکستان کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس کااہتمام مجلس علماء پاکستان کی جانب سے کیاگیاتھا جس میں آپریشن معرکہ حق بنیان المرصوص میں کامیابی پر پاک فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔ کانفرنس میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی و خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا عبدالخبیر آزاد،صوبائی وزیرعدنان قادری سمیت مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام،مشائخ عظام، سیاسی و سماجی شخصیات، نوجوانوں اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے مجلس علماء پاکستان کی جانب سے قومی یکجہتی اور افواج پاکستان کی شاندار کامیابیوں کو اجاگرکرنے کیلئے اس کانفرنس کے انعقاد کوسراہا۔ انہوں نے کہاکہ گورنرنے شہداء کو بھی اس موقع پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ اُن کی قربانیاں قوم کیلئے باعث فخر ہے۔ گورنرنے کہاکہ بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر لگایا ،پاکستان نے فیلڈ مارشل سیدعاصم منیرکی قیادت میں اپنے دفاع میںبھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور اُن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیے۔

انہوں نے کہاکہ آپریشن معرکہ حق بنیان المرصوص ایک عظیم کامیابی اور اس تاریخی کارنامے نے ملکی امن ، اتحاد اوراستحکام کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔گورنرنے کہاکہ پاکستان کو آج جن معاشی ، سماجی چیلنجز کا سامناہے، اُن سے نمٹنے کیلئے علماء کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے علماء پر زوردیا کہ وہ معاشرے میں رواداری ، اتحاد امت اور حب الوطنی کو فروغ دینے کیلئے مزید موثرکردار ادا کریں۔