طارق فضل چوہدری نے موٹر وے ریسٹ ایریاز پر اشیائے ضروریہ کی مہنگائی کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرادی

بدھ 6 اگست 2025 18:53

طارق فضل چوہدری نے موٹر وے ریسٹ ایریاز پر اشیائے ضروریہ کی مہنگائی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قومی اسمبلی کو یقین دلایا ہے کہ موٹروے ریسٹ ایریاز پر اشیائے ضروریہ کی مہنگی قیمتوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں اس معاملے کے حوالے سے صاحبزادہ صبغت اللہ اور دیگر کی طرف سے پیش کئے گئے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ یہ عوامی تشویش کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مواصلات ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جانچ پڑتال کر رہی ہے، قیمتوں کی فہرستوں کو برقرار رکھ رہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کر رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ باقی علاقوں میں قیمتوں کا تعین متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کرتے ہیں جبکہ وزارت اور ضلعی انتظامیہ دونوں کی خصوصی انسپکشن ٹیمیں اچانک چیکنگ کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

خلاف ورزی کرنے والوں پر 10,000 روپے سے لے کر 100,000 روپے تک کے جرمانے عائد کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 15 مئی سے اب تک 12 لاکھ روپے کے 26 جرمانے وصول کئے جا چکے ہیں۔طارق فضل چوہدری نے ایوان کو یقین دلایا کہ تحفظات دور کرنے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قیمتوں کو ریگولیٹ کرنے میں مدد کے لئے اقدامات پر فالو اپ رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے گی۔