لیاقت یونیورسٹی جامشورو میں "پیغامِ آزادی" سیمینار اور منی میراتھن ریس کا انعقاد

بدھ 6 اگست 2025 18:54

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (LUMHS) جامشورو میں معرکۂ حق اور جشنِ آزادی کی مناسبت سے "پیغامِ آزادی" کے عنوان سے ایک پُر جوش سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام الدین اجن تھے۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے ملی نغموں، تقریری مقابلوں اور ڈرامہ نگاری میں بھرپور شرکت کی اور اپنی شاندار کارکردگی سے حاضرین کو محظوظ کیا۔

سیمینار کا اہتمام ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر ثنا مرزا، کیمپس ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سلمان میمن اور فیکلٹی آف ڈینٹسٹری کے تعاون سے کیا گیا۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر اکرام الدین اجن نے کہا طلبہ نے اپنی پرفارمنس سے نہ صرف قومی میراث کی یاد تازہ کی ہے بلکہ ان میں حب الوطنی، فخر اور مقصد کے احساس کو بھی زندہ کیا ہے، جو کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے منی میراتھن ریس کا بھی انعقاد کیا گیا جو مین کیمپس سے شروع ہو کر وہیں اختتام پذیر ہوئی۔ ریس میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی ایسی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :