پنجاب انٹرمیڈیٹ نتائج 2025 : پرائیویٹ کالجز نے سرکاری اداروں کو پیچھے چھوڑ دیا

ٹاپ پوزیشنز کے لحاظ سے پرائیویٹ کالجز میں پنجاب گروپ آف کالجز کی نمایاں برتری

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 24 ستمبر 2025 14:03

پنجاب انٹرمیڈیٹ نتائج 2025 : پرائیویٹ کالجز نے سرکاری اداروں کو پیچھے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2025ء) انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISEs) کے تمام بورڈز کی جانب سے اعلان کردہ ہائیر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (HSSC) 2025 کے سالانہ امتحانی نتائج میں پرائیوٹ کالجز نے ایک بار پھر سے میدان مار لیا ، ایف اے/ایف ایس سی 2025 کے نتائج میں پرائیویٹ کالجز سب سے آگے  رہے۔ بورڈ کی ٹوٹل 335 میں سے 283 پوزیشنز پرائیوٹ کالجز جبکہ  سرکاری کالجز صرف 52 پوزیشن لے سکے۔


 پرائیوٹ کالجز  میں سب سے زیادہ پوزیشنز پنجاب گروپ آف کالجز نے لیں ، جنہوں نے 143 ٹاپ پوزیشنز اپنے نام کیں، جو تمام پرائیوٹ کالجز کی ٹوٹل حاصل کردہ پوزیشن کا نصف حصہ بنتا ہے ، یوں  پنجاب گروپ آف کالجز تمام پرائیوٹ کالجز میں سر فہرست ٹھہرا۔
ان نتائج میں ایک بات یہ بھی سامنے آئی کہ تمام پوزیشن پر طالبات نے طلباء کو پیچھے چھوڑ دیا اور سب سے زیادہ پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں اور یہ کامیابی کا یہ رجحان پچھلے کئی سالوں سے دیکھنے کو مل رہا ہے۔

(جاری ہے)


اس سال  ایف اے/ایف ایس سی کے نتائج میں مختلف بورڈز کی کامیابی کی شرح مختلف رہی جس میں سر فہرست فیڈرل بورڈ  81.10% رہا جبکہ دوسرے نمبر پر ڈی جی خان بورڈ میں 74.86% ،فیصل آباد بورڈ  میں 73.71% ، سرگودھا بورڈ  میں 68.83% ، ملتان بورڈ  میں 63.54% ، بہاولپور بورڈ  میں 63.53% ، گوجرانوالہ بورڈ  میں 63.10% ، لاہور بورڈ  میں 60.86% ، ساہیوال بورڈ  میں 58.88% جبکہ راولپنڈی بورڈ  میں کامیابی کی شرح 54.12% رہی۔


ان تمام نتائج میں ایک بات یہ بھی دیکھنے میں آئی کہ سرکاری کالجز اپنا تعلیمی معیار اور کامیابی کی شرح پرائیویٹ کالجز کے مقابلے میں کھوتے جا رہے ہیں جو کہ تعلیمی نظام پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
اس صورتحال سے واضح ہوتا ہے کہ سرکاری اداروں میں وسائل کی کمی، جدید تدریسی طریقہ کار کا فقدان اور اساتذہ کی تربیت جیسے مسائل کارفرما ہیں۔

اگر بروقت اصلاحات نہ کی گئیں تو یہ فرق مزید بڑھتا جائے گا اور طلباء کا اعتماد سرکاری تعلیمی اداروں سے ختم ہو سکتا ہے۔
ماہرین تعلیم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ حکومتی سطح پر نہ صرف نصاب اور تدریس کے معیار کو بہتر بنانا ضروری ہے بلکہ انفراسٹرکچر اور سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ تمام طلباء کو یکساں مواقع میسر آ سکیں۔