ریکوڈک مائننگ کمپنی میں مقامی نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے گا، علی دوست یلانزئی

بدھ 6 اگست 2025 20:12

نوکنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء) ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC) کے کمیونٹی انگیجمنٹ منیجر علی دوست یلانزئی نے کہا ہے کہ کمپنی کی پالیسی یہی ہے کہ مقامی آبادی، بالخصوص کلی دوربن چاہ جیسے قریبی دیہات کے نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ہماری کوشش ہے کہ بیروزگاری جیسے اہم مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے اور مقامی افراد کو ترقی کے سفر میں شراکت دار بنایا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلی دوربن چاہ کے دورے کے موقع پر کی، جہاں انہوں نے جنرل منیجر آر ڈی ایم سی مسٹر رائن مچل، ایچ آر لیڈ عنایت اللہ کبدانی اور کیپیٹل ڈرلنگ کمپنی کے ایچ آر ٹیم کے ہمراہ گاؤں کا دورہ کیا۔

ان کا یہ دورہ مقامی نوجوانوں کو ملازمت کی فراہمی کے عملی عزم کا مظہر تھا، جسے کلی مکینوں نے حوصلہ افزا اور مثبت قدم قرار دیا دورے کے دوران کیپیٹل ڈرلنگ کے نمائندوں نے بھی مقامی نوجوانوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مہینوں میں نئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے کلی کے نوجوانوں کا مکمل ڈیٹا بھی جمع کر لیا گیا ہے تاکہ تمام اہل افراد تک مواقع کی رسائی ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قبائلی قیادت محمد کریم شیرزئی، شاہ نظر ڈگارزئی، ملک محمود محمد زئی، سید شے بشیر سید بلانوشی، ملا توکل خان برہانزئی، غلام نبی شیرزئی، عبد القادر برہانزئی، جنگی خان مشوانی، ملک نوراحمد شیرزئی سمیت دیگر نوجوانوں اور سماجی حلقوں نے آر ڈی ایم سی اور کیپیٹل ڈرلنگ کے افسران کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا،انہوں نے کہا کہ یہ دورہ محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ مقامی افراد کے لیے ترقی و روزگار کے دروازے کھولنے کی سنجیدہ اور خلوص پر مبنی کوشش ہے۔

خاص طور پر علی دوست یلانزئی کی خدمات، خلوص، اور عملی اقدامات کو سراہا گیا جنہوں نے مقامی مسائل کو نہ صرف سمجھا بلکہ ان کے حل کے لیے بنیادی اقدامات بھی اٹھائے۔کلی دوربن چاہ کے عوام نے ایک بار پھر امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی خلوص، شفافیت اور وابستگی کے ساتھ جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :