فش فارمز میں صرف مچھلی پالنے کے مقابلے میں مچھلی اور بطخیں ایک ساتھ پال کرکہیں زیادہ منافع حاصل کیاجاسکتا ہے،ماہرین آبی حیات

جمعرات 7 اگست 2025 12:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین آبی حیات، فارم فاریسٹری و اینیمل سائنسزنے کہا کہ فش فارمز میں صرف مچھلی پالنے کے مقابلے میں مچھلی اور بطخیں ایک ساتھ پال کرکہیں زیادہ منافع حاصل کیاجاسکتا ہے اور مچھلیوں کے ساتھ نہ صرف بطخیں انتہائی آسانی کے ساتھ پالی جاسکتی ہیں بلکہ اسطرح فارم سے دوہرا منافع بھی لیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مچھلی کے ساتھ بطخ پالنے کے کئی فائدے ہیں، بطخیں مچھلی کے تالاب کو اپنی بیٹ (ڈراپنگ) سے قدرتی کھاد فراہم کرتی ہیں اسطرح تالاب زرخیز ہوتا ہے اور مصنوعی طریقے سے کھادو خوراک کی فراہمی کا خرچہ کم ہوجاتا ہے اسی لئے بطخوں کو زرخیز کرنے کی مشین بھی کہا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بطخیں تالاب میں اگنے والے غیر ضروری پودوں کو کنٹرول میں رکھتی ہیں کیونکہ بطخیں اپنی چونچ سے تالاب کی تہہ میں اپنی خوراک تلاش کرتی ہیں اسطرح یہ ایک طرح سے تالاب میں مفت میں ہل چلاتی رہتی ہیں جس کے باعث تالاب کی تہہ میں موجود غذائی اجزا کو تالاب میں مچھلیوں کیلئے فراہم کرنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بطخیں کسی حد تک تالاب میں آکسیجن کی فراہمی کا ذریعہ بھی بنتی ہیں اوراگر بطخوں کیلئے ڈربہ تالاب کے اوپر بنایا جائے تو اسطرح اضافی زمین کی ضرورت نہیں ہوتی اور بطخوں کی بیٹ سیدھی تالاب میں جاتی ہیں اور اس پر اٹھنے والی مزدوری کا خرچہ بچ جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بطخوں کی خوراک کا بڑا حصہ تالاب سے مل جاتا ہے جس میں حشرات، ورم اور لاروے شامل ہیں اسطرح ان کی خوراک پر اٹھنے کا خرچہ کم ہوجاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مچھلی اور بطخوں کی مشترکہ افزائش کی کامیابی کے امکانات بڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ تالاب کا سائز چھوٹااور تالاب کی گہرائی کم از کم ایک میٹر یا ساڑھے تین فٹ سے زیادہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ مچھلی، بطخ، مرغیوں یا کسی اور جانور کی کامیاب فارمنگ کیلئے ضروری ہے کہ فارم کو کسی بھی قسم کے بزنس کی طرح مکمل توجہ اور نگہداشت دی جائے۔انہوں نے بتایا کہ فارم کا آپکے گھر کے نزدیک ہونا بھی ضروری ہے تاکہ اس پرذاتی توجہ دی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :