متحدہ عرب امارات، ابوظہبی کی شیخ زاید گرینڈ مسجد مشرق وسطیٰ کے ثقافتی لینڈ مارک میں سرفہرست

ہفتہ 9 اگست 2025 09:50

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) ابوظہبی کی شیخ زاید گرینڈ مسجد مسلسل دوسرے سال مشرق وسطیٰ کے ثقافتی لینڈ مارک میں سرفہرست ہے ۔ اردو نیوز کے مطابق یہ مسجد سیاحتی ویب سائٹ ٹریپ ایڈوائزر کی عالمی رپورٹ میں 2025 کے ٹاپ اٹریکشن مقامات میں آٹھویں نمبر پر ہے۔ شیخ زاید مسجد کو دنیا بھر کے تمام سیاحتی لینڈ مارکس کے ایک فیصد بہترین مقامات میں شامل کیا گیا ہے، یہ درجہ بندی دنیا بھر کے 80 لاکھ سے زیادہ لینڈ مارکس کے جامع تجزیے اور رائے پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

فجیرہ میں واقع شیخ زاید مسجد نے دنیا کے ٹاپ 10 فیصد سیاحتی مقامات کی فہرست میں بھی جگہ بنا لی ہے، جو متحدہ عرب امارات کی ثقافتی سیاحت میں ایک اور سنگِ میل ہے۔شیخ زاید گرینڈ مسجد سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر یوسف العبیدلی نے کہا کہ اب اس مسجد میں آنے والے زائرین کی تعداد 70 لاکھ سالانہ سے بڑھ چکی ،یہ ثقافتی و مذہبی ہم آہنگی کی عالمی علامت بن چکی ہے۔واضح رہے کہ ابوظہبی کی شیخ زاید گرینڈ مسجد کا افتتاح 2007 میں ہوا تھا، یہ دنیا کی سب سے بڑی مساجد میں سے ایک اور اسلامی فن تعمیر اور ڈیزائن کو یکجا کرنے والی آرکیٹیکچرل آئیکون ہے۔