فلپائن میں تباہ کن زلزلہ؛ عمارتیں زمین بوس، 60 سے زائد افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی

زلزلے کی شدت 6.9، گہرائی 10 کلو میٹر اور مرکز بوگو شہر کے شمال مشرق میں 17 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 اکتوبر 2025 09:10

فلپائن میں تباہ کن زلزلہ؛ عمارتیں زمین بوس، 60 سے زائد افراد ہلاک، سینکڑوں ..
منیلا ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر 2025ء ) فلپائن میں 6.9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی جس کے باعث عمارتیں زمین بوس ہوگئیں 60 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔ غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے آیا، زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر اور اس کا مرکز بوگو شہر کے شمال مشرق میں 17 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا، زلزلے کے باعث باسکٹ بال میچ کے دوران سپورٹس کمپلیکس بھی گرگیا اس کے علاوہ رہائشی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، تعلیمی ادارے شدید متاثر ہوئے، وسطی ساحلی علاقے میں زلزلے کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے اور لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں کئی سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، متاثرہ علاقے میں 6 پلوں اور ایک سڑک کو بھی شدید نقصان پہنچا، حکام نے سیبو میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے آج سکولز اور سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان کردیا، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ملبے تلے دبے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن کیا جارہا ہے، ملبہ ہٹانے کیلئے دیگر علاقوں سے بھاری مشینری روانہ کرد گئی۔

(جاری ہے)

ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کچھ علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی خدمات میں خلل پڑا، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں، زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پانی، ادویات اور دیگر ضروری سامان روانہ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہیں، آفس آف سول ڈیفنس کے نائب سیکرٹری برنارڈو الیخاندرو نے بتایا کہ ہلاکتوں کی اطلاعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مختلف علاقوں سے نقصانات اور زخمیوں کی تفصیلات موصول ہو رہی ہیں۔