گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کی ہر طالبہ ایک ایسا روشن چراغ بنے جو اپنے علم، کردار اور محبت سے اپنی زندگی اور معاشرے کو منور کر دے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر

پیر 11 اگست 2025 17:36

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیرنے کہا ہے کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کی ہر طالبہ ایک ایسا روشن چراغ بنے جو اپنے علم، کردار اور محبت سے نہ صرف اپنی زندگی بلکہ معاشرے کو بھی منور کر دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کی طالبات کے نام جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ زندگی ایک حسین باغ کی مانند ہے اور تم اس باغ کے سب سے قیمتی پھول ہو، جیسے پھول اپنی نشوونما کے لیے پانی، دھوپ اور ہوا کا سہارا لیتے ہیں، ویسے ہی تمہاری شخصیت کو بھی کچھ خاص خوبیاں اور مثبت رویّے پروان چڑھاتے ہیں، خود کو ہمیشہ مثبت خیالات سے سیراب کرو۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نیک اور مخلص لوگوں کی قربت میں رہو جو تمہارے حوصلے کو بلند کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صبر کو اپنی عادت اور ہمدردی کو اپنا زیور بنا لو کیونکہ یہ وہ صفات ہیں جو انسان کو حقیقی عظمت عطا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری پیاری بیٹیویاد رکھو شفا صرف جسم کی نہیں بلکہ دل اور دماغ کی بھی ضروری ہے، اس لیے دل میں امید کا چراغ جلائے رکھو، کھلے ذہن کے ساتھ دنیا کو دیکھو، محبت بھرے الفاظ استعمال کرواور سب سے بڑھ کر خود پر یقین رکھو۔

وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیرکا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو اور دوسروں کو قبول کرنا سیکھوکیونکہ یہی محبت اور قبولیت تمہیں مضبوط اور منفرد بنائے گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمہاری کامیابی تمہاری سوچ، کردار اور محبت میں چھپی ہے اور یہ سب تمہارے اپنے ہاتھ میں ہے۔

متعلقہ عنوان :