سیاحتی علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس کو بہتر بنانے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کا اہم اقدام

سڑکوں سے برف، گلیشئیر اور رکاوٹوں کو فوری ہٹانے کیلئے جدید مشینری خرید لی، جدید مشینیں عالمی بینک کی معاونت سے خریدی گئی ہیں، اب سردیوں میں بھی سیاحوں کو مشکل نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 11 اگست 2025 19:54

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 اگست 2025ء) سیاحتی علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس کو بہتر بنانے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کا اہم اقدام اٹھایا ہے، جس کے تحت گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو جدید ملٹی پرپز مشینوں کی فراہمی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے یہ جدید مشینیں گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی حکام کے حوالے کردیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ کثیر المقاصد مشینیں ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی مشینیں ہیں، ان مشینوں کی مدد سے برفباری کے موسم میں سڑکوں کو ہمہ وقت کھلا رکھنے میں مدد ملے گی، یہ ہائی پرفارمنس مشینیں مشکل اور سخت موسمی حالات میں بھی تیز اور مؤثر کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

مشینیں سڑک سے برف اور گلیشئیر کو تیزی سے ہٹانے کے ساتھ ساتھ گرے ہوئے درخت، کنکریٹ کے ملبے، لوہے کی رکاوٹوں کو کاٹنے سمیت سات مختلف کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، یہ جدید مشینیں عالمی بینک کی معاونت سے چلنے والے کائٹ پروگرام کے تحت خریدی گئی ہیں، اس طرح کی مزید چار مشینوں کی خریداری کا عمل بھی جاری ہے۔

وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت شراکت دار اداروں کے تعاون سے سیاحتی مقامات کو مزید محفوظ، قابلِ رسائی اور سیاحوں کے لیے پرکشش بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان جدید مشینوں کی دستیابی سے سردیوں کے موسم میں بھی سیاحتی علاقوں تک سیاحوں کی آسان رسائی کو ممکن بنایا جاسکے گا، ان مشینوں کی مدد سے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سیاحوں اور مقامی لوگوں کی جانیں محفوظ بنائی جاسکیں گی، اس سلسلے میں تعاون فراہم کرنے پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سیاحوں کی حفاظت اور سیاحتی علاقوں تک ہمہ وقت رسائی سیاحت کے فروغ کے لئے انتہائی ضروری ہے، ہم سیاحتی سرگرمیوں کو پورے سال جاری رکھنے  کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، سیاحتی علاقوں تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری پر کام کرر ہے ہیں۔ اینٹگریٹڈ ٹوارزم زونز کے قیام اور نئے سیاحتی مقامات کی ترقی پر پیشرفت جاری ہے۔

میزبان ہوم اسٹے ٹورازم موجودہ صوبائی حکومت کا ایک منفرد منصوبہ ہے، اس منصوبے سے سیاحوں کو قیام کے لئے بہترین ماحول کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ ایمرجنسی رسپانس اور  سیاحتی انفراسٹرکچر کے شعبوں میں یہ اقدامات اور سرمایہ کاری ایک بڑے وژن کا حصہ ہیں، ان اقدامات  سے صوبے میں سیاحت کے شعبے کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دے کر صوبے کی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکے گا۔ متعلقہ صوبائی کابینہ اراکین کے علاوہ محکمہ سیاحت، گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔