جاپان کے شہر اوساکا میں ایکسپو 2025 کے موقع پر سعودی پویلین میں ورکشاپ

منگل 12 اگست 2025 11:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) جاپان کے شہر اوساکا میں ایکسپو 2025 کے موقع پر سعودی پویلین میں خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سعودی سینٹر فار اکنامک بزنس نے اپنی نمایاں خدمات پیش کیں۔اردو نیوز کے مطابق ورکشاپ کا مقصد ایک ایسے ماڈل کو متعارف کرانا تھا جو مملکت کے کاروباری شعبے کو حکومتی خدمات فراہم کرے۔

اس موقع پر سعودی سینٹر فار اکنامک بزنس نے بتایا کہ کس طرح اس کے اقدامات نے سعودی عرب میں کاروباری ماحول میں دلچسپی اور توجہ میں اضافہ کیا ہے۔ مزید برآں، بزنس شروع کرنے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ورکشاپ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سعودی سینٹر فار اکنامک بزنس کی خدمات سعودی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے سفر کو کس طرح ہموار کر رہی ہیں، خاص طور پر ان کے لئے جو تعمیر و ترقی کے منصوبوں اور معاشی سرگرمیوں میں سرمایہ لگانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں جاپان کے بزنس لیڈرز اور وہ سرمایہ کار بھی شریک ہوئے جو سعودی مارکیٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔سعودی سینٹر فار اکنامک بزنس اس وقت بزنس کے شعبے میں6ہزار سے زائد خدمات فراہم کر رہا ہے، جس میں اسے 62 حکومتی اداروں کا تعاون حاصل ہے۔ یہ تمام سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم سے فراہم کی جاتی ہیں تاکہ مملکت کو بزنس سروسز کے شعبے میں بہترین معیار کے حامل ممالک کی صف میں شامل کیا جا سکے۔