وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس سے نوتعینات شدہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان کی ملاقات

بدھ 13 اگست 2025 21:03

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس سے نوتعینات شدہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے چارج سنبھالنے کے بعد اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے پرو وائس چانسلر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر پروفیسر ڈاکٹرمسعود سروراعوان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایک سینئر، محنتی اور تجربہ کار اُستاد کی تعیناتی ادارے کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔

اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ڈاکٹر مسعود سرور اعوان کی قیادت میں علمی وتحقیقی سرگرمیوں میں مزید وسعت آئے گی اور انتظامی امور کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا جس سے یونیورسٹی ترقی وکامیابی کے نئے دور میں داخل ہوگی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے کہا کہ یہ اُن کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اُنہیں پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس جیسے وژنری وائس چانسلر کی قیادت میں کام کرنے کا موقع مل رہا ہے، جنہوں نے مختصر مدت میں یونیورسٹی آف سرگودھا کو ملک کی صفِ اول کی جامعات میں شامل کر دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ وائس چانسلر کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کی بہتری، جدید تحقیقی منصوبوں کے فروغ، بین الاقوامی تعاون کے فروغ، ڈیجیٹل لرننگ سسٹم کی اپ گریڈیشن اور طلباء کی ہمہ جہت صلاحیتوں کے نکھار کے لیے مؤثر حکمتِ عملی پر عمل کریں گے۔واضح رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان معاشیات کے سینئر ترین استاد، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اور شعبہ معاشیات کے سابق سربراہ ہیں۔

اس سے قبل وہ ڈائریکٹر اکیڈمکس اور ٹریژرر کے عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان کی بطور پرو وائس چانسلر تعیناتی پر یونیورسٹی کے اساتذہ، انتظامی افسران، ملازمین اور طلبہ وطالبات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں ادارہ مزید ترقی کی منازل طے کرے گا۔

متعلقہ عنوان :