
غزہ: ہسپتالوں میں ادویات ختم، بیماریوں اور بھوک سے اموات میں اضافہ
یو این
بدھ 13 اگست 2025
19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 13 اگست 2025ء) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں صحت عامہ کے حالات تباہ کن صورت اختیار کر گئے ہیں جہاں ہسپتالوں پر حد سے زیادہ بوجھ ہے، ضروری ادویات ختم ہو چکی ہیں جبکہ بیماریوں اور بھوک سے ہلاکتوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہو رہا ہے۔
مغربی کنارے اور غزہ میں 'ڈبلیو ایچ او' کے نمائندے ڈاکٹر رک پیپرکورن نے کہا ہے کہ غزہ میں نصف ہسپتال اور 38 فیصد بنیادی مراکز صحت ہی کسی حد تک فعال ہیں۔
بڑے ہسپتالوں میں بستروں کی قلت ہو گئی ہے۔ الشفا ہسپتال میں گنجائش سے 250 فیصد زیادہ، نصر ہسپتال میں 180، الرنتیسی میں 210 اور الاہلی ہسپتال میں صلاحیت سے 300 فیصد زیادہ مریض موجود ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ادویات کی شدید قلت مزید بڑھتی جا رہی ہے۔
(جاری ہے)
غزہ کے ہسپتال امدادی مراکز پر زخمی ہونے والوں سے بھرے ہیں۔ ان حالات میں خون اور پلازما کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔
27 مئی کے بعد غزہ امدادی فاؤنڈیشن کے مراکز پر اور امدادی قافلوں کے راستوں میں کم از کم 1,655 لوگ ہلاک اور 11,800 زخمی ہو چکے ہیں۔
بگڑتی غذائی قلت
غزہ شہر سے لوگوں کو انخلا کے احکامات دیے جانے کے نتیجے میں بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ 'ڈبلیو ایچ او' کا امدادی گودام بھی ایسے علاقے میں واقع ہے جہاں سے شہریوں کو نقل مکانی کے لیے کہا گیا ہے۔ ہسپتالوں میں بنیادی نگہداشت کے مراکز اور ایمبولینس گاڑیوں کی سہولیات بھی انہی علاقوں میں یا ان کے قریب واقع ہیں جس کے باعث یہ خدمات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
رواں سال اب تک 49 بچوں سمیت کم از کم 148 افراد غذائی قلت سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں 39 بچوں کی عمر پانچ سال سے کم تھی۔ گزشتہ سال اس عمر کے تقریباً 12 ہزار بچوں میں شدید غذائی قلت کی تشخیص ہوئی تھی جو اب تک سب سے بڑی تعداد ہے۔ ان میں 2,500 بچے انتہائی شدید نوعیت کی غذائی کمی کا شکار ہیں۔
گردن توڑ بخار کا خطرہ
ڈاکٹر پیپرکورن نے بتایا ہے کہ بیماریاں پھوٹنے کے خطرے نے غزہ کے طبی نظام پر دباؤ کو اور بھی بڑھا دیا ہے۔
جولائی اور اوائل اگست کے درمیان 452 افراد میں گردن توڑ بخار کی تصدیق ہوئی تھی۔ علاقے میں گلن بارے سنڈروم کا پھیلاؤ بھی بڑھ رہا ہے اور جون کے بعد اس کے 76 مریض سامنے آ چکے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ضروری ادویات کی عدم موجودگی کے باعث ان دنوں بیماریوں کا علاج بہت مشکل ہو گیا ہے۔
بین الاقوامی طبی ٹیموں اور سازوسامان کے لیے رسائی کے مسائل بھی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر پیپرکورن نے بتایا ہے کہ غیرملکی طبی عملے کو غزہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی جبکہ انتہائی نگہداشت کے طبی آلات، مریضوں کو بے ہوش کرنے کی مشینیں اور کولڈ چین سے متعلق سامان کی آمد پر بھی پابندی ہے۔
سرحدی راستے کھولنے کا مطالبہ
اگرچہ جون کے بعد 'ڈبلیو ایچ او' کو طبی سازوسامان کے 80 ٹرک غزہ میں لانے میں کامیابی ملی ہے لیکن امداد پہنچانے کے لیے اجازت کے حصول کا طریقہ کار سست رو اور غیریقینی ہے جس کے باعث سامان تاخیر سے پہنچتا ہے یا اسے بھیجنے کی منظوری نہیں ملتی۔
ڈاکٹر پیپرکورن نے کہا ہے کہ غزہ کے سرحدی راستے کھولنے، امدادی سرگرمیوں کی منظوری کے طریقہ کار کو سادہ بنانے اور رسائی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ اگرچہ مزید امدادی سامان غزہ میں لائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں لیکن تاحال عملی طور پر ایسا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملا۔
مزید اہم خبریں
-
میانمار: سیاسی قیدی فوج کے ہاتھوں تشدد اور جنسی زیادتی کا نشانہ، تفتیش کار
-
غزہ: ہسپتالوں میں ادویات ختم، بیماریوں اور بھوک سے اموات میں اضافہ
-
غزہ: اسرائیلی ڈرون حملے میں 6 صحافیوں کی ہلاکت کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ
-
مقامی سے عالمی ترقی میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف ضروری، گوتیرش
-
یمن: فوج اور حوثی ملیشیا میں تازہ جھڑپوں پر گرنڈبرگ کو تشویش
-
گینگ وار سے متاثرہ ہیٹی کا مقدر بدلنا چاہیے، الریکا رچرڈسن
-
پنجاب میں چین کی جانب سے 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر ستخط ہوگئے
-
چیف جسٹس آف پاکستان کی پنشن میں 300 فیصد اضافہ ہو جانے کا انکشاف
-
پاکستانی قوم کو ان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ڈاکٹر رضا امیری مقدم
-
انسداد دہشتگردی ترمیمی بل منظور، مشکوک شخص کو 6 ماہ تک حراست میں رکھا جا سکے گا
-
قانون سازی سے پاکستان کے ہرشہری کو مجرم قرار دے دیا گیا
-
پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے اچھی حکمرانی اور ادارہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں، احسن اقبال
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.