کاشتکاروں کو مقررہ شیڈول کے مطابق موسم سرما کی سبزیات کی کاشت کی ہدایت

جمعہ 15 اگست 2025 14:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) کاشتکاروں کو مقررہ شیڈول کے مطابق موسم سرما کی سبزیات مٹر،گاجر، مولی، شلجم، پالک،سلاد، بند گوبھی اور پھول گوبھی کی کاشت کی ہدایت کی گئی ہے۔ماہر سبزیات آری فیصل آباد قیصر لطیف نے بتایاکہ انسانی خوراک میں سبزیوں کا استعمال 300سے 350گرام فی کس روزانہ ہونا چاہیے جبکہ ہمارے ملک میں یہ مقدار 100سو سے150گرام فی کس روزانہ ہے جو سفارش کردہ مقدار سے آدھی سے بھی کم ہے جس کی وجہ سے انسانی بیماریوں اور صحت عامہ کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے اور متوازن غذاکے حصول کیلئے سبزیوں کی کاشت کا فروغ واستعمال وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ سبزیوں میں پائے جانیوالے وٹامنز اور دیگر غذائی اجزا انسانی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے بیحد ضروری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید تحقیق کے مطابق خوراک میں سبزیوں کا بطور سلاد وسالن استعمال انسانی جسم کی نشوونما کیلئے بہت ضروری ہے جس کے ساتھ ساتھ سبزیوں کی کاشت دیگر فصلات کے مقابلہ میں زیادہ منافع بخش ہے اور سبزیاں کم رقبہ سے زیادہ پیداوار دیتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مٹر،گاجر، مولی، شلجم، پالک،سلاد، بند گوبھی اور پھول گوبھی موسم سرما میں اگائی جانے والی اہم سبزیاں ہیں جن میں حیاتین، پروٹین، معدنیات،اور ریشے کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سبزیاں نہ صرف پھیپھڑوں کا کینسر، شوگر، ہیپاٹائٹس اور دل کے امراض کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہیں بلکہ جسم کے زہریلے اور فاسد مادوں کے اخراج کا سبب بھی بنتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :