لاہور میں کوڑے سے پلاسٹک جمع کرنیوالے 2 لڑکے کچرے کے ڈھیر تلے دب کر جاں بحق

کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد لاشوں کو ملبے تلے سے نکال لیا گیا، دونوں لڑکوں کی لاشوں کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 16 اگست 2025 11:49

لاہور میں کوڑے سے پلاسٹک جمع کرنیوالے 2 لڑکے کچرے کے ڈھیر تلے دب کر جاں ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کوڑے سے پلاسٹک جمع کرنیوالے 2 لڑکے کچرے کے ڈھیر تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقہ ڈیفنس روڈ میں پیش آیا جہاں کوڑے سے پلاسٹک جمع کرنے والے 2 لڑکے کچرے کے ڈھیر تلے دب کر اپنی جان گنوا بیٹھے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر لڑکوں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد دونوں کی لاشوں کو کچرے سے نکال لیا۔

بتایا گیا ہے کہ دونوں لڑکے کوڑے کے ڈھیر سے پلاسٹک کی بوتلیں نکال رہے تھے کہ اس دوران اچانک کچرے کا ڈھیر ان کے اوپر گرگیا، جس کے باعث ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والوں میں 16 سالہ افضل اور 15 سالہ عبداللہ شامل ہیں، ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد لاشوں کو ملبے تلے سے نکال لیا اور دونوں لڑکوں کی لاشوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف لاہور ہی کے علاقہ کاہنہ فیروزپور روڈ پر موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے، ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ٹریکٹر ٹرالی اور موٹرسائیکل میں تصادم اس قدر شدید تھا کہ تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جن کی شناخت 40 سالہ ارشد ولد منظور، 32 سالہ عمر ولد اشرف اور 34 سالہ فیصل ولد قربان کے ناموں سے ہوئی، پولیس کی قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو جناح ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا جب کہ پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔