لاہور پولیس کی عادی اور جرائم پیشہ گداگروں کے خلاف کارروائیاں

رواں سال2663 بھکاری گرفتار،2549مرد،102عورتیںاور12سہولت کار شامل

ہفتہ 16 اگست 2025 14:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء) لاہور پولیس کی جانب سے عادی اور جرائم پیشہ گداگروں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں رواں سال2663 بھکاریوں کو گرفتارکر کے 2595 مقدمات کا اندراج کیا گیا ۔ ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ گرفتارافراد میں 2549مرد،102 عورتیںاور12سہولت کار شامل ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں گداگر مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے گداگروں کے ٹھیکیداروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گداگروں کے بھیس میں چھپے منشیات فروش و دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جائیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر اورمحکمہ سوشل ویلفیئر کی ٹیموں کے ساتھ مشترکہ کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔انہوں نے ٹریفک پولیس کو سگنلز اورشاہراہوںپر بھکاری مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ عوام گداگر مافیا کی روک تھام میں پولیس کا ساتھ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری پیشہ ور گداگروں کی اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15پر دیں۔