سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت چینی کی قیمتو ں کے حوالہ سے اجلاس

اتوار 17 اگست 2025 19:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت چینی کی قیمتو ں کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ اتوار کو منعقدہ اجلاس میں انہوں نے حکومت پنجاب کے صوبے بھر میں کنٹرول شدہ قیمتوں پر چینی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق چینی کی بلاتعطل دستیابی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں، 165 روپے فی کلوگرام قیمت میں اب تک شوگر ملوں سے کل 350,333 میٹرک ٹن چینی اٹھائی جا چکی ہے جس میں سے 6,405 میٹرک ٹن لاہور کو مختص کیا گیا ہے۔ مزید برآں قیمتوں کے کنٹرول کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔

پنجاب بھر میں مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت پر 28.96 ملین روپے جرمانے، 389 ایف آئی آر درج اور 2444 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ خاص طور پر لاہور میں کارروائیوں کے نتیجے میں 1.92 ملین، 77 ایف آئی آر درج، اور 48 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ یہ اقدامات چینی مارکیٹ کو ریگولیٹ کرنے اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔