ایرانی ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کے سربراہ کی چیئرمین یوریشین اکنامک کمیشن بورڈ سے ملاقات ،ایران اور یوریشین اکنامک یونین کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور

پیر 18 اگست 2025 14:54

آستانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) ایران کی ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (ٹی پی او) کے سربراہ محمد علی دہقان دہنوی نے ایران اور یوریشین اکنامک یونین کے رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔کازاانفارم نے ایرانی نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ محمد علی دہقان دہنوی نے یہ بات کرغزستان میں یوریشین اکنامک کمیشن کے بورڈ کے چیئرمین آندرے سلیپنوف سے ملاقات کے دوران کہی۔

دہنوی کے ہمراہ ایران کے فرسٹ وائس پریزیڈنٹ محمد رضا عارف اور وزیر صنعت، کانکنی و تجارت محمد آتابک بھی موجود تھے۔ملاقات میں دونوں فریقین نے مستقبل کی حکمت عملیوں پر بات کی، دو طرفہ تجارتی تعلقات کو گہرا کرنے پر اتفاق کیا اور ایران و ای ای یو کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے نفاذ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

یوریشین اکنامک یونین میں بیلاروس، قازقستان، روس، کرغزستان اور آرمینیا شامل ہیں جبکہ ایران، ازبکستان، مالدووا اور کیوبا مبصر رکن کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اس موقع پر ایران کے فرسٹ وائس پریزیڈنٹ نے کہا کہ ایران مستقل رکنیت حاصل کرنے کا خواہاں ہے اور ہماری حکومت کی ترجیحات میں ہمسایہ ممالک بالخصوص یوریشیا کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا شامل ہے۔یاد رہے کہ یوریشین بین الحکومتی کونسل کا باقاعدہ اجلاس 14 اور 15 اگست کو کرغزستان کے علاقے ایسک کول کے شہر چولپن آتا میں منعقد ہوا۔