مشتاق احمد غنی اور علی خان جدون کا تجاوزات کے خاتمے کیلئے سخت اقدام کا عندیہ

پیر 18 اگست 2025 18:00

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) سابق سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی اور رکن قومی اسمبلی علی خان جدون نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں سے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لئے نالوں پر قائم تجاوزات کے خاتمہ کیلئے گرینڈ آپریشن کیا جائے گا جس کے لئے تین دن کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ۔ پیرکے روز ایبٹ آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمشنر ہزارہ کی سربراہی میں کمیٹی اورسی ای او کینٹ کی نگرانی میں سب کمیٹی نشانات لگائے گی جس کے بعد میرٹ پر بغیر کسی سفارش کو خاطر لائے کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

چند لوگوں کی وجہ سے پورے شہر کو تباہ نہیں کر سکتے ۔ 40 فٹ نالوں کو دس فٹ کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ چالیس سالوں کا معاملہ ہے ۔

(جاری ہے)

ان پر تعمیرات کیلئے اجازت جن لوگوں نے دی ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ ایبٹ آباد کا محل وقوع ایسا ہے کہ تجاوزات کی وجہ سے اس کا نکاسی آب کا نظام بری طرح تباہ ہو کر رہ گیا ہے ۔ اس وقت تمام سیاستدان اور محکمے ایک سٹیج پر ہیں۔تجاوزات ہر صورت میں ختم کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ شہر میں تجاوزات کی وجہ سے لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہو کر کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے ۔ آئے روز ان کی مشکلات بڑھ رہی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی کی سفارش نہیں کریں گے اور کسی کے ساتھ ناانصافی بھی نہیں ہونے دیں گے ۔